گلمرگ میں برفانی تودہ گرنے سے دو سیاحوں کی موت

File Image/ Avalanche on Feb 01 2023 in Gulmarg

گلمرگ//گلمرگ میں بدھ کے روز گرآئے برفانی تودے کی زد میں آکر کم از کم دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ برفانی تودہ افروٹ چوٹی سے ٹکرایا، جس کے فوراً بعد علاقے میں ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔
دو افراد کی لاشیں برف کے نیچے سے نکال لی گئیں ہیں، انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی سے، ہم دیگر افراد کو بچانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
بارہمولہ پولیس نے ٹویٹ کر کے بتایا،”گلمرگ میں برفانی تودہ گرنے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن کے دوران پولیس کی ٹیموں نے اب تک اب تک 19غیر مقامی سیاحوں کو بچا لیا ہے جبکہ 2غیر مقامی شہریوں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جنہیں طبی و قانونی کاروائیوں کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریسکیو آپریشن ابھی جاری ہے۔
قبل ازیں پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا،”گلمرگ کے مشہور سکی ریزورٹ میں افروٹ چوٹی سے برفانی تودہ ٹکرا گیا،بارہمولہ پولیس نے دیگر ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ریسکیو آپریشن شروع کیا ہے۔ کچھ اسکائیرز کے پھنسے ہونے کی اطلاعات کی تصدیق کی جا رہی ہےـ”۔