عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// 270 کلومیٹر طویل جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر اتوار کی صبح سے ہی ٹریفک آمد و رفت معطل ہے کیونکہ رام بن ضلع میں کئی دشوار گزار راستوں پر سڑک کی کشادگی کا کام جاری ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی سڑک پر گاڑیوں کی آمدورفت ہفتے کی رات دیر گئے معطل کر دی گئی تاکہ ناشری اور بانہال کے درمیان ٹنلوں ، ڈھلواس، میہاڑ-کیفے ٹیریا، پنتھیال اور ناچلانہ میں کیریج وے کو دو لین تک چوڑا کیا جا سکے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ہفتہ کی رات 10 بجے سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کو 14 گھنٹے کیلئے معطل کرنے کا فیصلہ مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے لیا گیا ہے کیونکہ رام بن میں ایک درجن سے زیادہ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے اور پتھر گرنے سے سڑک کو نقصان پہنچا ہے۔
ٹریفک حکام نے کہا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کئی مقامات پر سڑک کو کشادہ کرنے کا کام جاری ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ بحالی کا کام مکمل ہونے تک ناشری اور نیویوگ (بانہال) ٹنل کے درمیان سفر کرنے سے گریز کریں۔
بتادیں کہ گزشتہ پندرہ دن سے یکطرفہ طور پر سرینگر اور جموں کے درمیان ٹریفک کو چلا جا رہا ہے۔حکام نے 26 فروری سے قومی شاہراہ پر ٹریفک کو یکطرفہ چلانے کا فیصلہ کیا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ڈھلواس، میہاڑ اور ناچلانہ میں سڑک تنگ ہونے کی وجہ سے یکطرفہ آمدورفت کے قابل ہی ہے۔