کشمیر میں تین روزہ سائیکلنگ ایونٹ کا آغاز

سری نگر//جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری ارون کمار مہتا نے جمعرات کو کشمیر سائکلوتھون کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جو تین دنوں کے دوران وادی کے آٹھ مقامات کا احاطہ کرے گی۔
سائکلوتھون میں بھارت اور نیپال سے تقریباً 60سائیکل سوار حصہ لے رہے ہیں، جسے رائل اسپرنگس گالف کلب سے جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔
چیف سکریٹری ارون کمارمہتا نے نامہ نگاروں کو بتایا، “سائیکلوتھون کا مقصد لوگوں کے لیے کشمیر کو بہتر طریقے سے دریافت کرنا ہے۔ وہ ’نشا مکت ابھیان‘ (منشیات سے پاک مہم) کا پیغام بھی لے کر جائیں گے”۔
انہوں نے کہا کہ 60سائیکلسٹ – جن کی عمریں 60سال سے زیادہ ہیں – پورے ملک اور یہاں تک کہ نیپال سے بھی اس پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا،”یہ ایک بہت اچھی سرگرمی ہے۔ سائیکل سوار پورے ملک اور یہاں تک کہ نیپال سے آئے ہیں۔ 60 (سال) سے زیادہ عمر کے لوگوں کو اس ایونٹ میں شرکت کرتے دیکھنا اچھا لگتا ہے”۔
مہتا نے مزید کہا کہ شرکاء تین دنوں میں 300کلومیٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔
محکمہ سیاحت کے سیکریٹری سرمد حفیظ نے کہا کہ کشمیر سائیکلنگ اور ماؤنٹین بائیکنگ کے لیے بہترین مقامات میں سے ایک ہے۔
اُنہوں نے کہا،”ہمارے پاس ایسے بھی خوبصورت سیاحتی مقامات ہیں، جنہیں اس سے قبل دریافت نہیں کیا گیا ہے۔ ہم نے بہت سے نئے مقامات کی نشاندہی کی ہے تاکہ سیاح وہاں پہنچیں اور لوگ فائدہ اٹھائیں”۔
حفیظ نے کہا کہ سائیکلسٹ پروگرام کے لیے ویریناگ، کوکرناگ، ڈاکسم، وساک ناگ، دبجان، احربل، شکارگاہ اور سری نگر سے ہوتے ہوئے سفر کریں گے۔
سائیکل سواروں نے اس تقریب کو کشمیر کی سیر کرنے کا ایک موقع قرار دیا۔