عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں میں پولیس نے بھیڑ بکریاں چرانے میں ملوث تین افراد کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں کے ہی گنڈ بٹہ پورہ ، آیند راولپورہ اور رام نگری میں بھیڑ بکریاں چرانے کے کئی واقعات رونما ہونے کے بعد پولیس نے تین ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
انہوں نے کہاکہ ایس ایس پی شوپیاں کی نگرانی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی جس دوران کئی مشتبہ افراد کو پوچھ تاچھ کی خاطر پولیس اسٹیشن طلب کیا گیا۔موصوف ترجما ن کے مطابق سی سی ٹی فوٹیج کو کھنگالنے کے بعد چوری کی ان وارداتوں میں ملوث افراد کی شناخت ہوئی اور بعد ازاں ان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے چوروں کی شناخت طاریق احمد ڈار ولد غلام حسن ساکن رائے وٹن آسنورکولگام، نثار احمد ملہ ولد غلام رسول ملہ ساکن وزیر چیک امام صاحب شوپیاں اور عبدالرحمن میر ولد بشیر احمد میر ساکن سرمرگ کنڈی مرگ کولگام کے بطور کی ہے۔
پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے شوپیاں، بجبہاڑہ اور کاکہ پورہ میں انہوں نے چوری کی وارداتوں کو انجام دیا ۔انہوں نے کہاکہ تحقیقات بڑے پیمانے پر جاری ہے اور چوری کی ان وارداتوں میں ملوث دیگر افراد کی بھی تلاش شروع کی گئی ہے۔