ارشاد احمد
گاندربل //گاندربل ضلع پولیس نے چوری کا معاملہ حل کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور مسروقہ بھیڑیں بر آمد کر لی ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس تھانہ لار کو 22 ستمبر 2023 کو محمد اقبال ٹھیکری ساکنہ کٹھوعہ جموں حال ینگورہ لار کی جانب سے تحریری شکایت موصول ہوئی جس کے مطابق کچھ دن پہلے رات کے اوقات میں نامعلوم چوروں نے اس کے گاوخانہ میں گھس کر لاکھوں روپے مالیت کی 16 بھیڑیں چوری کر لیں۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر پولیس تھانہ لار میں ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 55/2023 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ انسپکٹر خورشید اعوان کی قیادت میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔ سخت کوششوں اور تکنیکی خدمات کی مدد سے، پولیس پارٹی نے چار افراد کو گرفتار کیا جن کی شناخت مدثر احمد ڈار، شبیر احمد میر، امتیاز احمد میر ساکنان اری گوری پورہ کنگن اور ریاض احمد دمیال ولد محمد شفیع دمیال ساکنہ اکو گنڈ گاندربل کے بطور ہوئی۔
ملزمان کے انکشاف پر تمام 16 بھیڑیں برآمد کرکے ملزمان کو پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا۔