عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر جتیندر سنگھ نے اسے خوشخبری قرار دیتے ہوئے مرکزی وزیر ریلوے اشونی ویشنو کا شکریہ ادا کیا ہے، جنہوں نے 14 اور 15 جون کو سوموتی اماوسیہ کے موقع پر بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے جموں اور ہری دوار کے درمیان خصوصی ٹرین چلانے کی منظوری دی ہے۔ڈاکٹر سنگھ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاکہ’’کٹھوعہ، ہیرا نگر اور جموں کے لیے خوشخبری۔ اماوسیہ کے موقع پر جموں اور ہری دوار کے درمیان خصوصی ٹرین چلانے کے مطالبے کو قبول کرنے پر ریلوے وزیر اشونی ویشنو کا شکریہ۔‘‘
انہوں نے مزید لکھاکہ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں گزشتہ 12 برسوں کے دوران خطے کا کوئی بھی مطالبہ ایسا نہیں رہا جسے نظرانداز کیا گیا ہو۔‘‘اپنے ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے 3 جون کے خط میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے بتایا کہ انہیں پریم ناتھ ڈوگرا کی جانب سے درخواست موصول ہوئی تھی، جو جموں و کشمیر مرکز کے زیر انتظام علاقے میں سوچھ بھارت ابھیان کے ریاستی ایگزیکٹو رکن اور انچارج ہیں۔
اس درخواست میں 14 جون 2026 کو جموں سے ہری دوار اور 15 جون 2026 کو ہری دوار سے جموں کے لیے خصوصی ٹرین چلانے کی اپیل کی گئی تھی تاکہ مقامی زائرین سوموتی اماوسیہ کے موقع پر ہری دوار جا سکیں۔ڈاکٹر جتیندرسنگھ نے اپنے خط میں ریلوے وزیر سے کہا تھاکہ’’یہ درخواست ان مقامی یاتریوں کی سہولت کے لیے ہے جو سوموتی اماوسیہ کے موقع پر ہری دوار جانا چاہتے ہیں، لہٰذا اس معاملے پر مناسب غور کیا جائے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اپنی پوسٹ میں 14 اور 15 جون 2026 کو کٹڑا-جموں-ہری دوار کے درمیان چلنے والی خصوصی ٹرین کی تفصیلات بھی شیئر کیں۔
سوموتی اماوسیہ کے موقع پر جموں-ہری دوار کے درمیان خصوصی ٹرین چلے گی، ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ریلوے وزیر کا شکریہ ادا کیا