عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// راجوری پونچھ سیکٹر میں جمعرات کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے کہا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں دہشت گردی ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔
نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا، ”آج بھی جموں و کشمیر میں دہشت گردی ہے، ابھی ایک واقعہ ہوا ہے۔ دہشت گردی ختم نہیں ہوئی”۔
این سی لیڈر نے کہا، ”وہ (مرکزی حکومت) صرف کشمیر میں سیاحت کو فروغ دینے کی بات کر رہی ہے۔ یہاں تک کہ اگر ایک سیاح کو گولی مار دی جائے تو بھی یہاں کوئی نہیں آئے گا…“۔
دریں اثنا، سیکورٹی اہلکاروں نے جمعہ کی صبح راجوری ضلع کے دھیرہ کی گلی کے جنگلاتی علاقے میں تلاشی مہم چلائی جہاں بھاری ہتھیاروں سے لیس ملی ٹینٹوں نے فوج کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ جمعرات کی شام ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں فوج کے چار اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔