عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// جموں و کشمیر میں جاری خشک موسم اور 18 فروری سے برف و باراں کے ایک مختصر مرحلے کی پیش گوئی کے درمیان منگل کو درجہ حرارت میں معمولی بہتری درج کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا، ”18 فروری سے 20 فروری کے درمیان جموں و کشمیر میں کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی برفباری اور بارش کے تازہ مرحلے کا امکان ہے“۔
اُنہوں نے پہاڑی علاقوں میں نمایاں برف کے جمع ہونے اور منجمد درجہ حرارت کے پیش نظر، مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انتظامیہ/ٹریفک پولیس کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔
اسی دوران گزشتہ شب سرینگر میں درجہ حرارت منفی 2.5، گلمرگ میں منفی 4.5 اور پہلگام میں منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
لداخ خطہ کے لیہہ شہر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.3 اور کرگل میں منفی 15.9 درج کیا گیا۔
جموں شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 8.4، کٹرہ میں 8.8، بٹوت میں 3.7، بھدرواہ میں 2 اور بانہال 1 ڈگری سینٹی گرید ریکارڈ کیا گیا۔