تاج محی الدین بھاجپا کا پراکسی امیدوارہے :سجاد شفیع اوڑی

سری نگر/ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر بارہمولہ اور حلقہ انتخاب اوڑی کے اسمبلی امیدوار ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی نے آزاد امیدوار تاج محی الدین پر بھاجپا کا پراکسی ہونے کا الزام لگایا ہے۔
ڈاکٹر سجاد نے این سی آفس بونیار میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب یہ واضح ہو گیا ہے کہ تاج محی الدین بھی بھارتیہ جنتاپارٹی کا پراکسی امیدوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کی طرف سے اوڑی میں تاج محی الدین کو دی گئی حمایت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ وہ ہمیشہ بی جے پی کے پسندیدہ آدمی رہے ہیں۔
ڈاکٹر سجاد نے کہا کہ موجودہ وقت نے کشمیر میں بی جے پی کے آخری حلیف کو بھی بے نقاب کر دیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کیا تاج محی الدین میرے اس سوال کا جواب دے سکتے ہیں کہ وہ دہلی کیوں گئے اور واپسی پر فوراً الطاف بخاری سے ان کی رہائش گاہ پر کیوں ملاقات کی۔
این سی لیڈر نے کہااوڑی کے عوام نے یہ تب ہی سمجھ لیا تھا جب کانگریس نے تاج محی الدین کو منڈیٹ دینے سے انکار کیا۔ڈاکٹر سجاد نے کہاکہ اوڑی کے عوام پڑھے لکھے اور حساس ہیں وہ کھرے اور کھوٹے میں تمیز کرنا جانتے ہیں۔
ان کے مطابق یہ کیسے ممکن ہے کہ ہم ایسے کسی بھی شخص کی حمایت کریں جو بی جے پی کا پراکسی ہے۔انہوں نے مزید کہا بی جے پی پہلے ہی کشمیر میں آزاد امیدواروں کی حمایت کا اعلان کر چکی ہے اور تاج محی الدین ان میں سے ایک ہے۔
ڈاکٹر سجاد نے واضح طور پر کہا ہے کہ اوڑی کے عوام ایسی طاقتوں کو چناو کے دوران سخت جواب دیں گے۔