جموں و کشمیر میں 6.6 شدت کا زلزلہ، کوئی نقصان نہیں

File Photo

سرینگر// جموں وکشمیر بھر زلزلے کے شدید جھٹکوں سے لرز اٹھا ہے، جس کے بعد خوف و ہراس کا ماحول پھیل گیا ہے، اس دوران کچھ دیر تک مواصلاتی نظام بھی متاثر رہا۔
تفصیلات کے مطابق، منگل کی شام دیر گئے جموں و کشمیر، دہلی ، پنجاب، چنڈی گڑھ سمیت دیگر پڑوسی شہروں میں کئی سیکنڈ تک جاری رہنے والے زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
کئی سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے جانے کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ سے گھروں سے باہر نکل آئے۔
نیشنل سسمالوجیکل سینٹر آف انڈیا کے مطابق، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 6.6 ریکارڈ کی گئی۔انتہائی شدت کا زلزلہ 10 بج کر 18 منٹ پر محسوس کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ زلزلہ کا طول بلد 36.09 ڈگری شمال اور طول البلد 71.35 ڈگری مشرق پر تھا۔
محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ زلزلہ کا مرکز کوہ ہندوکش علاقہ تھا۔
زلزلے سے کسی قسم کے نقصان کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی تاہم لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔
جموں وکشمیر کے کئی علاقوں میں کچھ دیر تک مواصلاتی نظام بھی متاثر رہا۔
ذرائع کے مطابق، زلزلے کے جھٹکے پاکستان، افغانستان، اور چین میں بھی محسوس کئے گئے ہیں تاہم اس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔