سری نگر- جموں قومی شاہراہ پرآمد ورفت جزوی بحال

File Photo

سری نگر//وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی 270 کلو میٹر طویل سری نگر- جموں قومی شاہراہ رام بن کے مہاڑ علاقے میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے اتوار کے روزمختصر وقت کیلئے بند ہونے کے بعد جزوی طور بحال کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ رام بن کے مہاڑ علاقے میں چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو اتوار کے روز ٹریفک کی نقل و حمل بند کر دی گئی تھی، تاہم گرتے پتھروں کے درمیان شاہراہ کو جزوی طور بحال کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ خراب موسمی صورتحال کے درمیان وہ سری نگر، جموں اور رام بن میں قائم ٹریفک کنٹرول یونٹس کے ساتھ رابطہ کرنے سے قبل اس شاہراہ پر سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
قومی شاہراہ پر ٹریفک کی بحالی کو یقینی بنانے کے لئے مشینری اور افرادی قوت کو کام پر لگا دیا گیا ہے اور آخری اطلاعات موصول ہونے تک شاہراہ پر بڑی تعداد میں گاڑیاں در ماندہ تھیں اور اُنہیں نکالا جا رہا تھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ہفتے کی شام اگر چہ شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا تاہم درمیانی رات کو مہاڑ اور کیفٹ ایریا کے مقام پر چٹانیں کھسک آنے کے بعد شاہراہ کو پھر بند کرنا پڑا تھا۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والی تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک حسب معمول جاری ہے۔