سری نگر- جموں قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے ایک بار پھر بند

فوٹو: محمد تسکین

رام بن// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سری نگر- جموں قومی شاہراہ کو ضلع رام بن کے کیفٹیریا موڑ پر چٹانیں کھسکنے کے پیش نظربدھ کی صبح ٹریفک کی نقل و حمل کے لئے بند کر دی گئی اور صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام شاہراہ پر روانہ ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، مہاڑ اور کیفٹیریا موڑ مسافروں کیلئے درد سر بن گیا ہے، رک رک کر پتھر گر رہے ہیں ، جس کی وجہ سے ٹریفک صبح سے سست رفتاری سے آگے بڑھ رہا تھا تاہم اب پوری طرح سے متاثر ہو کر رہ گیا ہے۔
زرائع نے بتایا کہ، رام بن کے علاقے میں بڑی تعداد میں گاڑیاں موجود ہیں، جس کی وجہ بڑے پیمانے پر ٹریفک جام ہے، سینکڑوں گاڑیاں درماندہ ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر رام بن مسرت الاسلام شاہراہ کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ٹریفک حکام کے مطابق قومی شاہراہ پر کیفٹ ایریا کے مقام پر پہاڑی سے چٹانیں نیچے آنے کا سلسلہ جاری ہے جس وجہ سے ٹریفک کی نقل وحمل متاثر ہو رہی ہے۔
ا±ن کے مطابق صبح گیارہ بجکر 30 منٹ پر کیفٹ ایریا کے نزدیک ایک دفعہ پھر چٹانیں نیچے آنے کا سلسلہ شروع ہو ا جس وجہ سے ٹریفک کی آمدورفت کو فی الحال روک دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے ضلع پونچھ کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ پر ٹریفک کی نقل و حمل حسب معمول جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وادی کے لئے شہہ رگ کی حیثیت رکھنے والی اس قومی شاہراہ پر ٹریفک بند ہونے سے لوگوں کو گونا گوں مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔