منشیات فروشی کے الزام میں پولیس ایس پی او گرفتار

بھدرواہ//آپریشن ”سنجیوانی“ کے تحت منشیات فروشوں پر شکنجہ کسنے کی اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے، ڈوڈہ پولیس نے ایک سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کو ڈوڈہ قصبے میں منشیات فروشی میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
ایس ایس پی ڈوڈہ عبدالقیوم نے بتایا کہ معتبر ذرائع سے معلوم ہوا کہ جاوید احمد ولد محمد شفیع ساکن ہمدان پور ڈوڈہ اپنے قبضے میں منشیات / بھنگ رکھتا تھا اور اسے ڈوڈہ قصبہ میں نوجوانوں کو فروخت کرتا تھا۔
انہوں نے کہا،”خاص اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے، پولیس پوسٹ ڈی ایچ ڈوڈہ کی ایک پولیس پارٹی نے مذکورہ ملزم کو گرفتار کیا۔ تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے بھنگ جیسا مادہ برآمد ہوا”۔
ایس ایس پی نے مزید کہا، “تفتیش پر، یہ پتہ چلا کہ ملزم سپیشل پولیس آفیسر (ایس پی او) کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے اور اس وقت ڈی پی ایل ڈوڈہ میں تعینات ہے”۔
انہوں نے کہا،” اس سلسلے میں، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 53/2023 درج کیا گیا ہے۔ پولیس سٹیشن ڈوڈہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے”۔
افسر نے بتایا، “مذکورہ ملزم ایس پی او سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے تاکہ علاقے میں دیگر منشیات فروشوں کے ساتھ اس کے روابط/ گٹھ جوڑ کا پتہ لگایا جا سکے”۔
ڈوڈہ پولیس نے بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے اور منشیات کے اسمگلروں/کالے تاجروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس عمل سے باز آجائیں۔
انہوں نے سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے جس میں پی ایس اے کے تحت حراست، سمگلروں کی منقولہ/ غیر منقولہ جائیداد کو ضبط کرنے کے علاوہ ان کے اور کسی کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج، چاہے وہ پولیس افسر/ اہلکار ہو یا کوئی بھی سرکاری ملازم اگر اس طرح کی کالے دھندے میں ملوث پایا گیا تو اسے بخشا نہیں جائے گا۔