یو این آئی
سرینگر// فوج کا کہنا ہے کہ پانی پورہ سوپورمیں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے فوج کو بھر پور تعاون مل رہا ہے۔
فوج کے ایک سینئر آفیسر بریگیڈیر دیپک موہن نے نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ جمعرات کی شام سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سوپور کے پانی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فائرنگ شروع کردی چنانچہ سیکورٹی فورسز نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ رات بھر ملی ٹینٹوں کی حرکات و سکنات پر نظرگزر رکھنے کی خاطر کواڈ کاپٹروں اور ڈرونز ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا۔
ان کے مطابق جمعے کی صبح ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر دوبارہ فائرنگ شروع کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔
فوجی بریگیڈیر کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کی شناخت اور ان کی تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا:’آپریشن کو کامیابی سے ہمکنار کرانے کی خاطر مقامی لوگوں نے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ اپنا بھر پورتعاون فراہم کیا جس کے لئے ہم لوگوں کے بے حد مشکور ہیں۔ ‘
انہوں نے کہاکہ مہلوک دہشت گرد شمالی کشمیر میں کچھ عرصے سے سرگرم تھے اور ان کی ہلاکت سیکورٹی فورسز کے لئے بڑی کامیابی ہے۔
اس موقع پر ڈی آئی جی شمالی کشمیر مقصود الزماں نے کہاکہ سوپور تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے جن کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔