عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی کشمیر میں جمعہ کے روز بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی۔ پیر کی گلی، رازدان ٹاپ اور زوجیلا پر تازہ برف و باراں کے نتیجے میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ نے کہاکہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کہیں کہیں مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہے۔
اطلاعات کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق جمعہ کی صبح سے وادی کشمیر اور پیرپنچال میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس وجہ سے موسم خوشگوار ہوا ہے۔
وادی کے اوپری پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے۔ پیر کی گلی، رازدان ٹاپ اور زوجیلا میں تازہ برف باری کی وجہ سے سیاحوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔
سرینگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں جمعہ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے سربراہ مختیار احمد نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ سنیچر کے روز بعض مقامات کو چھوڑ کر وادی کشمیر میں مجموعی طورپر موسم خشک رہے گا۔
انہوں نے کہاکہ پیر کی گلی میں چار انچ کے قریب تازہ برف باری ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا :’وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔‘
دریں اثنا محکمہ موسمیات لداخ سینٹر کے سربراہ سونم لوٹس نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ زوجیلا کے پہاڑوں پر بھی تازہ برف باری ہوئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لداخ کے بعض علاقوں میں بھی جمعے کے روز بارشیں ہوئی۔ ان کے مطابق سنیچر سے موسم مجموعی طورپر خشک رہنے کا امکان ہے۔