یو این آئی
کولگام// جنوبی ضلع کولگام میں پولیس نے تین منشیات فروشوں کو دھر دبوچ کر ان کے قبضے سے ممنوع نشیلی اشیاءبرآمد کرکے ضبط کی ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ریلوے پل کے نزدیک پیٹرولنگ کے دوران پولیس نے دو افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تاہم انہوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دونوں کو دھر دبوچا گیا ۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے 13گرام برون شوگر برآمد ہوا ہے۔
موصوف ترجمان نے منشیات فروشوں کی شناخت سمیر احمد شیخ ولد فاروق احمد ساکن بنگہ ڈار اننت ناگ اور عمر احمد لون ولد رمضان لون ساکن ہانگر یاری پورہ کے بطور کی ہے۔
دریں اثنا کولگام پولیس نے میر بازار چوک کے نزدیک عادل احمد خان ولد گل محمد خان ساکن عشاشی پورہ حال بنگہ ڈار اننت ناگ کی گرفتاری عمل میں لا کر اس کے قبضے سے پانچ گرام برون شوگر برآمد کرکے ضبط کیا۔
پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔