اسمبلی الیکشن میں سکھ امیدوار انتخابی میدان میں اتاریں گے: اے پی ایس سی سی

عظمیٰ ویب ڈیسک

سرینگر//آل پارٹیز سکھ کارڈی نیشن کمیٹی (اے پی ایس سی سی) نے منگل کو کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں سکھ کچھ سیٹوں پر اپنے امیدوار کھڑے کریں گے۔
انہوں نے سکھ امیدواروں کی جیت کو یقینی بنانے کے لیے مسلمانوں کی حمایت بھی طلب کی۔
چیئرمین اے پی ایس سی سی جگموہن سنگھ رینا نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، “کشمیر میں ہم نے کچھ اسمبلی سیٹوں پر سکھ امیدوار کھڑے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں ہماری کمیونٹی کی مضبوط موجودگی ہے۔ ہم اکثریتی برادری سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ سکھ امیدواروں کی حمایت کریں”۔
رینا نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ستر سالوں میں کمیونٹی کی شکایات کو دور کرنے کے لیے حکومت سے مدد مانگی ہے لیکن کسی نے مدد نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں اکثریتی برادری سے کبھی کچھ نہیں مانگا لیکن اب ہم سکھ امیدواروں کو اسمبلی میں بھیجنے کے لیے ان کی مدد چاہتے ہیں جہاں وہ ہم سب کے لیے بات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جلد ہی کشمیر میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیں گے۔