سرینگر// نیشنل کانفرنس نے پارٹی کے صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کو صوبہ کشمیرکیلئے پارٹی کا صوبائی صدر مقرر کیا ہے۔
اس سلسلے میں پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ایک حکمنامہ جاری کیا ہے جس کی رو سے سینئر پارٹی لیڈر ناصر اسلم وانی، جنہیں حال ہی میں وزیر اعلیٰ کا مشیر مقرر کیاگیا ہے، کی جگہ ایڈوکیٹ شوکت احمد میرکو نیشنل کانفرنس صوبہ کشمیر کا صوبائی صد رمقرر کیا جاتا ہے۔
حکمنامہ کے مطابق سینئر پارٹی لیڈر جاوید ڈار کی کابینہ میں شمولیت کے بعد پارٹی سینئر لیڈر و ایم ایل اے اوڑی ڈاکٹر سجاد شفیع اوڑی کو شمالی کشمیر زون کا صدر مقرر کیا گیا ہے جبکہ اُن کی جگہ سینئر پارٹی لیڈر ایڈوکیٹ شاہد علی کو صدرِ ضلع بارہمولہ کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ ،نائب صدر و وزیرا علیٰ عمر عبداللہ اور جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کو نئی ذمہ داریوں پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ موصوف پارٹی کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنوں اور عہدیداروں کیساتھ برابر تال میل رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ انجام دیں گے۔
موصوف نے نہ صرف ریاستی انتظامیہ بلکہ پارٹی میں بھی مختلف عہدوں پر فائز رہ کر اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔
پارٹی لیڈران نے ڈاکٹر سجاد شفیع اور ایڈوکیٹ شاہد علی کو بھی مبارکباد پیش کی۔