محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل اُکڑال پوگل پرستان کے چیولی گجرارہ علاقے میں منگل کی شام ساتویں جماعت کا ایک طالب علم نالہ میں ڈوب کر لقمہ اجل بن گیا ہے۔
تیراں سالہ بشارت احمد بٹ ولد محمد شریف بٹ ساکنہ چیولی گجرارہ مڈل سکول گجرارہ میں ساتویں جماعت کا طالب علم تھا اور اس کی موت پر پورا علاقہ، طلباءاور عملہ سکتے میں ہیں اور پورے علاقے میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے۔
مڈل سکول گجرارہ کے ہیڈماسٹر فاروق احمد لون نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ہمارے سکول کا فرمانبردار اور پیارا بچہ بشارت احمد بٹ منگل کے روز سالانہ امتحان میں شامل ہوا تھا اور شام پانچ بجے کے قریب وہ پاﺅں پھسلنے کے باعث سینابتی نالہ میں گر گیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے بچاو کاروائیوں کا آغاز کیا گیا لیکن یہ معصوم تب تک نالہ کے پانی میں ڈوب کر لقمہ اجل بن چکا تھا اور قریب آدھے گھنٹے کی تلاش کے بعد بشارت احمد کی لاش نالہ سینابتی سے برآمد کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ پورا علاقہ اور مڈل سکول گجرارہ کا سٹاف بشارت احمد کی المناک موت پر غم زدہ اور رنجیدہ ہے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں سکول انتظامیہ غمزدہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔