سری نگر//سٹیٹ الیکشن کمیشن (ایس ای سی) نے شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع کے دو ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) حلقوں میں دوبارہ پولنگ کرانے کا حکم دیا ہے۔
ایک اعلیٰ عہدیدار نے نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کو بتایا کہ بانڈی پورہ اور کپواڑہ اضلاع کے بالترتیب حاجن-اے اور درگمولہ حلقوں میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوبارہ پولنگ 5دسمبر کو صبح 7بجے سے دوپہر 2بجے تک ہوگی اور اس کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ گنتی 8دسمبر کو ہوگی اور پولنگ کا عمل 12دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا، جب کہ ان حلقوں میں ماڈل ضابطہ اخلاق کی دفعات کو فوری طور پر نافذ کردیا گیا ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان دونوں حلقوں میں 2020میں ڈی ڈی سی انتخابات کے دوران دیگر کے ساتھ پولنگ ہوئی تھی۔
ووٹوں کی گنتی اس وقت روک دی گئی جب یہ پتہ چلا کہ کچھ امیدواروں نے فارم 6میں غلط معلومات درج کی ہیں۔ بعد ازاں دونوں حلقوں میں پولنگ کالعدم قرار دے دی گئی۔