محمد تسکین
بانہال // برفباری کے بعد 13 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع مرگن ٹاپ کے بند ہونے کی وجہ سے ضلع کشتواڑ کے مڑواہ اور واڑون کیلئے ہیلی کاپٹر سروسز چلائی جارہی ہے ، جس کے لئے گزشتہ مہینے سے رجسٹریشن کے باوجود کشتواڑ سے مڑواہ اور واڑوان جانے والے مسافروں کو ہیلی کاپٹر شروسز دستیاب نہیں ہو رہی ہیں۔
مڑواہ کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ ڈی سی دفتر کشتواڑ میں آف لائین رجسٹریشن کے ذریعے مسافروں کا اندراج کرکے ہیلی کاپٹر میں بھیجا جاتا تھا مگر اب یہ سلسلہ آن لائین رجسٹریشن کے ذریعے کیا گیا ہے جس کی وجہ سے انٹرنیٹ سے نافہم مڑواہ اور واڑون کے عام بزرگوں ، خواتین ، بچوں ، حاملہ خواتین اور ہسپتالوں سے واپس گھر جانے والے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے اور آن لائین بکنگ نے اس ہیلی کاپٹر سروس کو ملازمین ، انٹرنیٹ استعمال کرنے والے افراد تک ہی محدود کر دیا ہے۔
مڑواہ کے مقامی سماجی کارکن محمد رمضان شیخ نے کہا کہ آف لائین نام درج کر کے عام غریبوں اور ضرورت مندوں کو کسی نہ کسی دن نمبر آتا ہی تھا لیکن اب ہیلی کاپٹر سروس کی آن لائین بکنگ نے عام اور ان پڑھ لوگوں کو اس سروس سے دور کر دیا ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر کشتواڑ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرف توجہ دیں اور آن لائین کے بجائے ہیلی کاپٹر سروس کیلئے آف لائین اندراج جاری رکھا جائے۔