عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے لال قلعہ دہلی میں ہونے والے وحشیانہ دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بزدلانہ اور غیر انسانی فعل ہے، جس کا مقصد معصوم لوگوں کے دلوں میں خوف و ہراس پھیلانا ہے۔ایک بیان میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا، ’ایسے سفاکانہ دہشت گردانہ حملے کی مذمت کے لئے الفاظ ناکافی ہیں۔ یہ دھماکے نہ صرف بے گناہ شہریوں کی جانوں پر حملہ ہیں بلکہ انسانیت اور امن کے جذبے پر بھی کاری ضرب ہیں۔ میرا دل اُن تمام خاندانوں کے ساتھ ہے جنہوں نے اپنے پیارے کھوئے اور اُن زخمیوں کے ساتھ جو اسپتالوں میں زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ اس دکھ اور صدمے کی گھڑی میں پوری قوم ایک ساتھ کھڑی ہے۔‘
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس بزدلانہ واردات کے مرتکبین کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ کسی مہذب معاشرے میں تشدد اور دہشت گردی کوئی جگہ نہیں اور ایسے مکروہ اقدامات کبھی بھی عوام کے اس عزم کو کمزور نہیں کر سکتے جو امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کے قیام کے لئے پرعزم ہیں۔
لال قلعہ دھماکہ انسانیت اور امن پر حملہ: ڈاکٹر فاروق عبداللہ