یو این آئی
نئی دہلی// کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہل گاندھی نے پیر کو کیرالہ کی وایناڈ لوک سبھا سیٹ چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا وہاں سے الیکشن لڑیں گی۔
یہ فیصلہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی رہائش گاہ پر پارٹی میٹنگ میں کیا گیا۔ میٹنگ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، مسٹر گاندھی، مسز واڈرا اور پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال موجود تھے۔
پارٹی صدر کھڑگے اور مسز واڈرا کی موجودگی میں میڈیا کے سامنے اس کا اعلان کرتے ہوئے مسٹر گاندھی نے کہا کہ یہ فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے بریلی اور وایناڈ دونوں حلقوں سے ان کا جذباتی تعلق ہے اور وہ وایناڈ کا دورہ کرتے رہیں گے۔
محترمہ واڈرا نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
گاندھی 18ویں لوک سبھا کے الیکشن میں اتر پردیش کی رائے بریلی اور کیرالہ کی وایناڈ سیٹ، دونوں مقامات سے الیکشن لڑے تھے اور دونوں سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ ضوابط کے مطابق کسی شخص کو لوک سبھا میں ایک وقت میں صرف ایک سیٹ کی نمائندگی کا موقع مل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا، ’’میرا رائے بریلی اور وایناڈ سے جذباتی تعلق ہے، میں گزشتہ پانچ سالوں سے وایناڈ کا ایم پی تھا اور وایناڈ کے تمام لوگوں، ہر پارٹی کے لوگوں نے پیار دیدا اس کے لئے میں تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور اسے ساری زندگی اسے یاد رکھوں گا۔”
گاندھی نے کہا، “پرینکا وایناڈ سے الیکشن لڑیں گی لیکن میں وقتاً فوقتاً وایناڈ جاؤں گا اور جو وعدے ہم نے وایناڈ سے کئے تھے ان کو پوراکریں گے۔” کانگریس لیڈر نے کہا کہ رائے بریلی سیٹ سے ان کی طویل وابستگی ہے اور وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں دوبارہ وہاں کے عوام کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔ وایناڈ کو چھوڑنے کے فیصلے کو مشکل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا دونوں سیٹوں سے گہرا تعلق ہے۔
مسٹر گاندھی نے کہا کہ وہ وایناڈ کے ہر فرد سے پیار کرتے ہیں اور وہاں کے لوگوں کے لیے ان کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
اس موقع پر محترمہ واڈرا نے کہا، “میں بہت خوش ہوں کہ میں وایناڈ کے لوگوں کی نمائندگی کرسکوں گی۔ مجھے نہیں لگتا کہ وہاں کے لوگوں کو راہل گاندھی کوی کمی محسوس ہوگی کیونکہ جیسا کہ انہوں نے کہا کہ وہ وقتاً فوقتاً یہاں آتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پری محنت کے ساتھ وایناڈ کے لوگوں کی خدمت کرنے اور انہیں خوش رکھنے کے لئے کی کوشش کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ رائے بریلی سے میرا پرانا رشتہ ہے اور وہاں میں نے گزشتہ 20 سال سے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائے بریلی اور امیٹھی سے ان کا رشتہ نہیں ٹوٹ سکتا اور یہ برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں رائے بریلی میں بھی بھائی راہل گاندھی کی مدد کرتی رہوں گی۔
گاندھی نے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ ‘دونوں سیٹوں پر دو دو ایم پی مل رہے ہیں’۔