علماء کی گرفتاری کا معاملہ: کسی کو بلا وجہ گرفتار نہیں کیا جائے گا اوراگر وہ بے گناہ ہیں تو اُنہیں رہا کیا جائے گا :اشوک کول

یو این آئی

 

سری نگر// بی جے پی کے جنرل سیکریٹری اشوک کول کا کہنا ہے کہ کسی کو بلا وجہ گرفتارنہیں کیا جائے گا ۔

بعض علماء کی گرفتاری پر کہا کہ اُن کو بھی موقع دیا جائے گا اور اگر وہ بے گناہ ہے تو اُن کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر انتظامیہ لوگوں کو سبھی سہولیات میسر رکھنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھا رہی ہیں۔

علماء اور مبلغین کی گرفتاری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں اشوک کول نے کہاکہ کسی کو بلا وجہ گرفتار نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی کسی پر پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا:”اُن کو بھی موقع دیا جائے گا اور اگر وہ بے گناہ ہے تو اُنہیں رہا کیا جائے گا۔“

قومی شاہراہ پر فروٹ سے لدی گاڑیوں کو روکنے کے بارے میں بھاجپا لیڈر نے کہاکہ اگر سڑک بند ہے تو اس میں سرکار کیا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹرکوں کو زبردستی نہیں روک رہے ہیں بلکہ شاہراہ پر پسیاں گر آنے کے سبب سری نگر جموں شاہراہ کو بند رکھا جاتا ہے تاکہ جانی اور مالی نقصان سے بچا جاسکے۔

اُن کے مطابق موجودہ ایل جی انتظامیہ فروٹ سے لدی گاڑیوں کو آسان راہداری فراہم کر انے کی خاطر کوشاں ہے۔انہوں نے بتایا کہ اگر شاہراہ بند ہے تواس میں سرکار کیا کر سکتی ہے پھر بھی جموں وکشمیر انتظامیہ نے اس ضمن میں متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ شاہراہ پر میوے سے لدی گاڑیوں کی بلا خلل آواجاہی کو یقینی بنایا جائے۔