عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/غیر قانونی سرگرمیوں کے لئے گاڑیوں کے ممکنہ استعمال کو روکنے کے لئے اونتی پورہ پولیس نے مشکوک عناصر سے منسلک گاڑیوں کی خرید وفروخت کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایس ڈی ای اوز اور ایس ایچ اوز نے اپنے اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام کار شو رومز کا دورہ کیا اور وہاں گاڑیوں کی خرید و فروخت سے متعلق تفصیلات کی جانچ کی۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقات میں ان معاملات پر بھی توجہ دی جا رہی ہے جہاں کسی ایک فرد نے متعدد گاڑیاں خریدی ہوں اور افسران نے دورے کے دوران مناسب تصدیق اور دستاویزی کارروائی کو بھی یقینی بنایا۔ان کا کہنا ہے کہ کار ڈیلروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ ہر لین دین کا مکمل ریکارڈ محفوظ رکھیں جن میں خریدنے اور بیچنے والے دونوں کے آدھار کارڈ کی تفصیلات، فون نمبر اور ریگر رابطہ معلومات شامل ہوں تاکہ لین دین میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس عمل کا مقصد نگرانی کے نظام کو مضبوط بنانا اور یہ یقینی بنایا ہے کہ گاڑیوں کا استعمال کسی بھی سماج دشمن یا غیر قانونی سرگرمی کے لئے نہ کیا جائے۔ایس ایس پی اونتی پورہ نے بتایا کہ ایسے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں تاکہ گاڑیوں کو سماج دشمن یا ملک دشمن عناصر کے ذریعے استعمال سے بچایا جاسکے۔انہوں نے زور دیا کہ عوام کا تعاون اور ڈیلروں کا چوکس رویہ امن و قانون کی پاسداری میں اہم کر دار ادا کرتا ہے۔
اونتی پورہ میں مشکوک عناصر سے منسلک گاڑیوں کی خرید و فروخت کی تحقیقات شروع: پولیس