سوئیہ بگ عصمت دری و قتل کیس: ملزم کے خلاف چارج شیٹ داخل

File Photo

بڈگام//ضلع پولیس بڈگام نے جمعرات کو ڈھائی ماہ بعد سوئی بگ میں ایک خاتون کی وحشیانہ عصمت دری اور قتل کیس کے ملزم کے خلاف چالان پیش کیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ خاتون کی 8 مارچ 2023 کو گمشدگی کی اطلاع ملی تھی اور پولیس چوکی سوئی بگ میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔ بعد میں تلاشی کے دوران پتہ چلا کہ اسے قتل کر کے اس کی لاش کے ٹکڑے کر دیے گئے تھے۔
تفتیش کے دوران پولیس نے شبیر احمد وانی ساکن موہن پورہ بڈگام کو جرم میں ملوث ہونے پر گرفتار کیا اور پولیس تھانہ بڈگام میں ایف آئی آر نمبر 53/23 زیر 302 آئی پی سی درج کیا گیا۔
تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتولہ کو قتل کرنے اور ٹکڑے ٹکڑے کرنے سے پہلے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کے نتیجے میں آئی پی سی کی دفعہ 376 کے تحت عصمت دری کا الزام شامل کیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ملزم شبیر احمد وانی اس وقت عدالتی حراست میں ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ ملزم کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 302، 376، اور 201 کے تحت الزامات پر مشتمل چارج شیٹ جمعرات کوچیف جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام کی عدالت میں پیش کی گئی ہے۔