عظمیٰ ویب ڈیسک
اننت ناگ// اننت ناگ پولیس نے منشیات کے کاروبار کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد قرق کی ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ منشیات فروش شبروز احمد وانی ولد عبد الرحمان وانی ساکن نوگام پوشکری سریگفوارہ کی 50 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے، جس میں ایک منزلہ رہائشی مکان اور ایک دکان شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کارروائی نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائیکو ٹروپک سبسٹانسز (NDPS) ایکٹ کی دفعہ 68-F کے تحت کی گئی۔
پولیس کے مطابق، ضبط کی گئی یہ جائیدادیں غیر قانونی منشیات کی تجارت سے حاصل کی گئی تھیں۔ شبروز احمد وانی علاقے میں منشیات کے کاروبار میں ایک بڑا نام رہا ہے اور اس کا تعلق اسپازمو پروکسیون اور کوڈین فاسفیٹ جیسے منشیات کی بڑی کھیپوں سے رہا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدام اننت ناگ پولیس کی منشیات فروشوں کے مالی نیٹ ورکس کو تباہ کرنے اور ان کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد علاقے کو منشیات کی لعنت سے پاک اور معاشرے کو محفوظ بنانا ہے۔
پولیس نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی جاری رکھے گی تاکہ عوام کو منشیات سے پاک اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔