فیاض بخاری
بارہمولہ// منشیات سمگلروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں مزید دو منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کے قبضے سے ممنوعہ اشیاء اور نقدی برآمد کی ہیں۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ ایس ایچ او پولیس تھانہ بونیار اوڑی کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی نے برنیٹ لنک روڈ پر لگائے گئے ناکہ چیکنگ کے دوران دو افراد کو روکا جنہوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم انہیں گرفتار کر لیا گیا، جن کی شناخت محمد رفیق شیخ ولد محمد سبحان اور بشیر احمد گنائی ولد محمد سلیم ساکنان برنیٹ بونیار کے طور پر ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی تلاشی کے دوران، ان کے قبضے سے 48 گرام ممنوعہ چرس جیسا مادہ اور 4600/- نقدی برآمد ہوئے۔
پولیس نے بتایا کہ انہیں گرفتار کر کے فوری طور پر پولیس تھانہ بونیار منتقل کر دیا گیا ہے۔
اسی مناسبت سے پولیس سٹیشن بونیار میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔