بارہمولہ//کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) نے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اولڈ ٹاؤن علاقے میں بجلی کے بقایا جات کی ادائیگی نہ کرنے پر نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔
ایک اہلکار کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے بتایاکہ کے پی ڈی سی ایل نے ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں اولڈ ٹاؤن علاقے کے نادہندگان سے کہا گیا ہے کہ وہ زیر التواء بجلی کے بل ادا کریں ورنہ ان کے خلاف تھانے میں مقدمات درج کیے جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا، “تمام محلہ صدورکو مطلع کیا جاتا ہے کہ اپنے محلہ کے ڈیفالٹر صارفین کو مشورہ دیں کہ وہ اپنے زیر التواء بجلی کے بل فوری طور پر ادا کریں، بصورت دیگر نادہندگان کے خلاف پولیس تھانہ بارہمولہ میں ایف آئی آر درج کی جائے گی”۔
عہدیدار نے بتایا کہ ضلع کے اولڈ ٹاؤن علاقے میں سینکڑوں ایسے صارفین ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی سالوں سے بجلی کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نادہندگان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جنہوں نے متعدد نوٹس کے باوجود 6ماہ سے 10سال تک بجلی کے واجبات جمع نہیں کرائے ہیں۔
اہلکار نے مزید کہا کہ کم از کم 697صارفین نے گزشتہ کئی سالوں سے اپنے واجبات ادا نہیں کیے ہیں، جب کہ اب تک تقریباً 130 صارفین نے ایمنسٹی سکیم کا فائدہ اٹھایا ہے۔