وادی میں مطلع جزوی ابرآلود، کئی مقامات ہلکی بارش کا امکان

سری نگر// محکمہ موسمیات نے ہفتہ کو اگلے 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ دو دنوں کے دوران جموں صوبہ کے کچھ مقامات پر ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم وادی میں موسم مسلسل خشک ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا ، “آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ کئی مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے”۔
اُنہوں نے بتایا کہ اسی دوران وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ درج کی گئی ہے۔
دریں اثنا، سری نگر میں آج صبح کم سے کم درجہ حرارت 16.6 ڈگری سیلسیس، پہلگام میں 10.8 اور گلمرگ میں 8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا ہے۔
لداخ خطہ کے دراس قصبے میں 7.4، کرگل میں 10.8 اور لیہہ میں 9ڈگری سلسیس درج کیا گیا ہے۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ اسی دوران جموں میں 22.4 ڈگری، کٹرہ میں 21.2، بٹوت میں 16.3، بانہال میں 15 اور بھدرواہ میں 15.8 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔