عاصف بٹ
کشتواڑ// دو ہفتوں سے زائد عرصہ تک بند رہنے کے بعد بدھ کو حکام نے کشتواڑ سنتھن اننت ناگ شاہراہ پر آمدرفت بحال کردی ہے۔
ایس ڈی ایم چھاترو نعیم مغل کی جانب سے جاری کردہ حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا کی جانب سے کلرینس ملنے کے بعد انتظامیہ قومی شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال کر دی ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جمعرات و ہفتہ کو ٹریفک کشتواڑ سے اننت ناگ کی طرف چھوڑا جائے گا جس دوران اُنہیں صبح دس بجے سے دوپہر دوبجے تک پارنہ ناکہ کراس کرنا ہوگا۔
حکام نے کہا کہ اننت ناگ سے کشتواڑ کی طرف ٹریفک کو جمعہ اور اتوار کو چلنے کی اجازت دی جائے گی اور انہیں صبح دس بجے سے دوپہر دو بجے تک ڈکسم ناکہ کراس کرنا ہوگا جسکے بعد کسی بھی شخص کو چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موسم بہتر رہنے کی صورت میں سڑک پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔ اگلے ہفتے سے قومی شاہرہ پر دوطرفہ گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی جائے گی۔
سنتھن سڑک کھلنے سے مقامی لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ انھوں نے مقامی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیااورضلع انتظامیہ سے مرگن سڑک کوبھی جلدازجلد کھولنے کی مانگ کی۔