عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ 16 اکتوبر کو جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے انہیں حکومت بنانے اور قیادت کرنے کی دعوت دی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے عمر عبداللہ کو بھیجے گئے خط میں بتایا گیا کہ 11 اکتوبر 2024 کو نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی طرف سے موصولہ خط میں مطلع کیا گیا کہ عمر عبداللہ کو متفقہ طور پر پارٹی کے لیڈر کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ہی، جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ، سی پی آئی ایم کے سیکرٹری جی این ملک، عام آدمی پارٹی کے قومی سیکرٹری پنکج کمار گپتا، اور آزاد اراکین اسمبلی پیا رے لال شرما، ستیش شرما، چوہدری محمد اکرم، ڈاکٹر رمیشور سنگھ اور مظفر اقبال خان نے حکومت کی تشکیل کے لیے عمر عبداللہ کی حمایت کا خط بھی بھیجا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے پیغام میں کہا، “مجھے خوشی ہے کہ آپ کو جموں و کشمیر کی حکومت بنانے اور قیادت کرنے کی دعوت دے رہا ہوں”۔
حلف برداری کی تقریب 16 اکتوبر 2024 کو صبح 11:30 بجے ایس کے آئی سی سی، سرینگر میں منعقد ہوگی۔