سرینگر نوہٹہ تصادم: زخمی پولیس اہلکار ہسپتال میں دم توڑ گیا

سری نگر//سری نگر کے نوہٹہ علاقے میں گزشتہ رات “چانس انکاونٹر” کے دوران زخمی ہونے والا پولیس اہلکار ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
کشمیر زون پولیس نے ٹویٹ کر کے بتایا،” پولیس کانسٹبل سرفراز احمد سکنہ بٹوت رام بن زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔ وہ سرینگر کے نوہٹہ علاقے میں ملی ٹینسی مخالف ایک آپریشن کے دوران زخمی ہوا تھا،ہم سرفراز کوان کی فرض شناسی میں دی گئی عظیم قربانی پر بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہیں”۔
سرکاری زرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات ہوئے اس تصادم میں سرفراز زخمی ہوا تھا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ پیر کے روز زخموں کی تاب نہ لا کر ہسپتال میں دم توڑ بیٹھا۔
قابل ذکر ہے کہ تصادم کے دوران ایک جنگجو بھی زخمی ہوا، جب کہ جنگجووں کے زیر استعمال گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
پولیس نے یہ بھی کہا کہ سرچ آپریشن کے دوران ایک اے کے 74 رائفل اور دو دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔