ڈبلیو ایچ او الرٹ:گھبرانے کی ضرورت نہیں،ادویات محض گیمبیا کیلئے تیار کی گئی تھیں:ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر

سری نگر//ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر ڈویژن، نگہت اندرابی نے جمعہ کو کہا کہ جس “سرپ” کیلئے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے الڑت جاری کیا ہے، اس کو لے کر گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ یہ ادویات صرف گیمبیا کے لیے تیار کی گئیں تھیں۔
خبر رساں ادارہ- کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) سے بات کرتے ہوئے اندرابی نے کہا کہ چاروں ادویات کشمیر یا ہندوستان کے لیے تیار نہیں کی گئیں، بلکہ یہ صرف گیمبیا کے لیے تیار کی گئی ہیں، اس لیے یہاں لوگوں کو گھبرانے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وہ پہلے ہی سرکلر جاری کر چکے ہیں اور ابھی تک ان کی ٹیموں کو ان ادویات میں سے کچھ نہیں ملا ہے “۔پھر بھی ہم اس بات کا یقین کرنے کے لئے تمام مصنوعات کی جانچ کر رہے ہیں۔ لیکن ابھی کے لیے، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے”۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افواہیں پھیلانے والے ہمیشہ موجود رہتے ہیں اور لوگوں کو ان پر کوئی دھیان نہیں دینا چاہئے۔
قبل ازیں، ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کشمیر نے تمام اسسٹنٹ ڈرگ کنٹرولرز (ADCs) سے ڈسٹری بیوشن چینلز سے فارمولیشنوں کی نشاندہی کرنے کے بعد فوری کارروائی کے لیے کہا تھا۔
ڈبلیو ایچ او نے ہندوستان میں میڈن فارماسیوٹیکلز کی طرف سے بنائی گئی کھانسی اور سردی کے چار شربتوں پر ایک الرٹ جاری کیا تھا، جس میں انتباہ کیا گیا تھا کہ ان کا تعلق گیمبیا میں 66بچوں کی موت سے ہو سکتا ہے۔