عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی دفعہ 370 کو ضرور بحال کرائے گی چاہئے اس میں طویل عرصہ بھی کیوں نہ لگ جائے۔انہوں نے الزام لگایا کہ جموں وکشمیر میں جو کچھ ہو رہا ہے دلی اس کی ذمہ دار ہے۔
موصوف صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے قصبہ پٹن میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
محبوبہ مفتی کے نیشنل کانفرنس کے بارے میں ایک بیان کے متعلق انہوں نے کہا: ‘وہ بہت کچھ کہتی ہیں ان سے میرا سوال ہے کہ محبوبہ جی کے والد 20 سال تک کانگریس میں رہے کس نے ان کو پارٹی چھوڑنے پر مجبور کیا۔
کانگریس لیڈر وقار رسول کے نیشنل کانفرنس کے ساتھ اتحاد کے بارے میں ایک بیان پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا: ‘وہ جو چاہئیں کہیں ہم کسی کو روک نہیں سکتے ہیں لیکن ان کی جماعت کے ساتھ ہمارا الائنس ہے، جو رہے گا۔
دفعہ 370 کی بحالی کے متعلق وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا: ‘میرا ان سے سوال ہے کہ ان کی پارٹی کو یہ دفعہ ہٹانے میں کتنے سال لگ گئے ہمیں بھی کئی سال لگ جائیں گے لیکن دفعہ 370 کو ضرور بحال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کی آواز ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘بی جے پی نے جو نوکریوں کے وعدے کئے تھے وہ نوکریاں کہاں گئیں وہ جو کہتے تھے کہ یہاں دفعہ 370 کی وجہ سے دہشت گردی ہے اب وہ یہاں پانچ برسوں سے حکومت کر رہے ہیں تو دہشت گردی کہاں سے آگئی۔
انہوں نے کہا: ‘جو کچھ یہاں ہو رہا ہے دلی اس کی ذمہ دار ہے۔سابق وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات نیشنل کانفرنس – کانگریس الائنس جیتے گی۔