موجودہ نازک دور میں عمر عبداللہ سے بہتر کوئی قائد نہیں: سلمان ساگر

File Photo

یو این آئی

سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور حضرت بل نشست کے کامیاب امید وارسلمان ساگر کا کہنا ہے کہ عمر عبداللہ کا دوسری بار وزیر اعلیٰ بننا جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے خوشی کا مقام ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نازک دور میں عمر عبداللہ سے بہتر کوئی قائد نہیں ہوسکتا ہے۔موصوف لیڈر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا، ’عمر صاحب کا دوسری بار وزیر اعلیٰ بننا جموں وکشمیر کے لوگوں کے لئے خوشی کا مقام ہے‘۔ ان کا کہنا تھا،’حالیہ اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس کو بہت بڑا منڈیٹ ملا ہے جبکہ بعض علاقائی پارٹیوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں‘۔
سلمان ساگر نے کہا کہ نیشنل کانفرنس سب کو ساتھ لاکر چلے گی اور جموں وکشمیر کے دونوں خطوں جموں کی بھی اور کشمیر کی بھی ترقی ہوگی‘۔ انہوں نے کہا، ’عمر صاحب رکن پارلیمان بھی رہے ہیں، وزیر اعلیٰ بھی رہے ہیں لہذا موجودہ نازک دور میں عمر صاحب سے بہتر کوئی قائد نہیں ہوسکتا ہے‘۔ان کا کہنا تھا، ’جتنے بھی امن اورترقی کے متعلقین ہیں ان کا نیشنل کانفرنس کو سپورٹ ملے گا‘۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹر ساگر نے کہا، ’جو ذمہ داری مجھے سونپی جائے گی میں اس کو نبھانے کی کوشش کروں گا، ہم اپنا کام ایمانداری سے کریں گے‘۔ حضرت بل کے سابق امام و خطیب ڈاکٹر کمال الدین فاروقی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا، ’وہ جو ایشو تھا وہ معمولی نوعیت کا تھا لیکن اس کو بڑا بنا دیا گیا ہم چاہئیں گے کہ ان کو دوبارہ سنیں‘۔