عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// وادی میں ابر آلود موسم کے درمیان وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس دوران پہلگام اور گلمرگ میں بدھ کو درجہ حرارت بالترتیب منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سرینگر میں گزشتہ رات کے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسم گرما کی راجدھانی جموں و کشمیر کے لیے سال کے اس وقت کے لیے یہ معمول سے 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ کم تھا۔
انہوں نے کہا کہ قاضی گنڈ میں گزشتہ رات درجہ حرارت 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور کشمیر کے گیٹ وے ٹاون کے لیے یہ معمول سے 1.6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
پہلگام میں گزشتہ رات درجہ حرارت منفی 1.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں منفی 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ جنوبی کشمیر کے مشہور تفریحی مقام کے لیے معمول سے 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
عہدیدار نے بتایا کہ جنوبی کشمیر میں بھی کوکرناگ میں گزشتہ رات منفی 0.3 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں کم از کم 1.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور اس جگہ کے لیے درجہ حرارت معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ کپوارہ قصبے میں گزشتہ رات 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ کے مقابلے میں 1.0 ڈگری سینٹی گریڈکا کم درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا اور وہاں یہ معمول سے 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔ شمالی کشمیر میں دنیا کے مشہور سیاحتی مقام میں درجہ حرارت معمول سے 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 8.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور یہ جموں و کشمیر کے سرمائی دارالحکومت کے لیے معمول سے 3.5 ڈگری سینٹی گریڈ سے کم تھا۔
انہوں نے کہا کہ بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 3.6 ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوت میں 3.1 ڈگری سینٹی گریڈ اور بھدرواہ میں 1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
اسی بیچ محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 29 فروری سے 03 مارچ تک بھاری برف باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے ایک ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق، 29 فروری کی شام سے ایک فعال مغربی حلل جموں و کشمیر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو متاثر کرے گا۔
ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس حلل کے زیر اثر جموں و کشمیر میں 29 فروری کی رات سے 3 مارچ کی سہ پہر تک بڑے پیمانے پر درمیانے درجے کی بارش اور برف باری متوقع ہے، 2 مارچ کو اس حلل کا زیادہ اثر ہو گا جب بڑے پیمانے پر برف بھاری ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا، “مذکورہ مغربی حلل جموں کے پیر پنجال رینج اور کشمیر ڈویڑن کے درمیانی اور اونچی جگہوں (بشمول اننت ناگ-پہلگام، کولگام، سنتھن پاس، شوپیان-پیر کی گلی،) سونمرگ-زوجیلا، بانڈی پورہ-رازدان پاس، گلمرگ، اور کپواڑہ-سچنا پاس)، میں بھاری برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری میں کہا ہے کہ موسمی سرگرمی کی وجہ سے زمینی اور ہوائی نقل و حمل میں خلل پڑ سکتا ہے، جس دوران جموں سرینگر قومی شاہراہ اور جموں و کشمیر کے دیگر بالائی علاقوں میں دوسری بڑی سڑکیں عارضی طورپر بند ہو سکتی ہیں۔