عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم نے بدھ کے روز سری نگر کے اختیارپورہ علاقے میں واقع رستم کالونی میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا۔ یہ کارروائی دہشت گردی سے متعلق جاری ایک تحقیقات کے سلسلے میں کی گئی۔
ذرائع کے مطابق چھاپہ ہاشم فاروق میر ولد فاروق احمد میر کے گھر پر مارا گیاجو اوور گراؤنڈ ورکر (OGW) کے الزام میں پبلک سیفٹی ایکٹ (PSA) کے تحت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں زیر حراست ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ یہ چھاپہ کیس ایف آئی آر نمبر RC 01/2025 کی تحقیقات کا حصہ تھا، جو کہ یو اے پی اے (UAPA) کی دفعات 16 اور 18، بھارتیہ نیایہ سنہیتا (BNS) کی دفعہ 115(2) کے تحت این آئی اے جموں میں درج ہے۔ اس سے قبل یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 66/2024 کے طور پر کوٹھی باغ تھانے میں درج تھا، جس میں یو اے پی اے کی دفعات 13، 18، 39، ایکسپلوسو سبسٹینسز ایکٹ کی دفعات 3/4، اور بی این ایس کی دفعات 103، 109، 115(2)، اور 3(5) شامل ہیں۔