این آئی اے نے کشمیری صحافی عرفان مہراج کو گرفتار کیا

سری نگر//قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر میں مقیم کشمیری صحافی عرفان مہراج کو گرفتار کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ صحافی عرفان مہراج کو نئی دہلی سے این آئی اے کی ایک خصوصی ٹیم نے سری نگر میں گرفتار کیا تھا۔ عرفان مہجور نگر سرینگر کا رہنے والا ہے۔
سرکاری ذرائع نے مہراج کی گرفتاری کی تصدیق کی اور کہا کہ این آئی اے دہلی میں ایف آئی آر نمبر آر سی-37/2020 درج ہونے کے معاملے میں اسے این آئی اے کے ذریعے تحقیقات کے لیے گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا ، “مرکزی حکومت کو قابل اعتماد معلومات ملی ہیں کہ کچھ این جی اوز، ٹرسٹ اور سوسائٹیاں، جو رجسٹرڈ اور غیر رجسٹرڈ ہیں، خیراتی اور مختلف فلاحی سرگرمیوں کے نام پر عطیات، کاروباری شراکت وغیرہ کے ذریعے اندرون اور بیرون ملک فنڈ اکٹھا کر رہی ہیں، ان میں سے کچھ این جی اوز کے تعلق کالعدم عسکری تنظیموں جیسے لشکر طیبہ (ایل ای ٹی)، حزب المجاہدین (ایچ ایم) وغیرہ سے ہے”۔
انہوں نے کہا،”مزید، ایسی این جی اوز، ٹرسٹ اور سوسائٹیز کی طرف سے جمع کیے گئے فنڈز مختلف چینلز جیسے کیش کوریئرز، دہلی، جموں و کشمیر اور بھارت کے دیگر حصوں میں مقیم حوالا ٹریڈرس کے ذریعے جموں و کشمیر بھیجے جاتے ہیں تاکہ وادی کشمیر میں علیحدگی پسند اور عسکری سرگرمیوں کو برقرار رکھا جا سکے۔ ان این جی اوز، ٹرسٹس اور سوسائٹیز وغیرہ کی طرف سے رچی گئی ایک بڑی مجرمانہ سازش کے ایک حصے کے طور پر، جو بھارت کے اتحاد، سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کے لیے متعصبانہ ہے“۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ این جی اوز، ٹرسٹ اور سوسائٹیز اور ان کے ممبران الفاظ اور تحریری ذرائع سے حکومت ہند کے تئیں نفرت، حقارت اور عدم اطمینان پیدا کرنے کے لیے ملک مخالف اور مجرمانہ مواد شائع کرتے ہیں۔
اس سے قبل اس معاملے میں عرفان سے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیر کی شام صحافی کو باضابطہ طور پر گرفتار کر کے نئی دہلی منتقل کر دیا گیا ہے۔