عظمیٰ ویب ڈیسک
رام بن// وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی واحد ہمہ موسمی سڑک جموں سرینگر قومی شاہراہ گزشتہ شب ایک بار پھر ٹریفک آمدورفت کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ ڈھلواس میں سڑک کی سطح ٹریفک کے قابل نہیں ہے اور سڑک کی مرمت کی جا رہی ہے۔ لوگوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر اس وقت تک سفر نہ کریں جب تک کہ سطح کو ٹریفک کے قابل نہ بنایا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ سرینگر جموں قومی شاہراہ پر کسی قسم کی ٹریفک کی اجازت نہیں دی جائے گی، لوگ سفر شروع کرنے سے ٹریفک کنٹرول یونٹ رام بن اور اودھم پور سے رابطہ کریں۔
قبل ازیں گزشتہ روز شاہراہ کو مرمتی کام کاج کی وجہ سے قریب 16 گھنٹوں تک بند رکھا گیا تھا، بانہال اور رام بن کے درمیان کچھ مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور پتھراو کی وجہ سے شاہراہ کو بری طرح نقصان پہنچا ہے، جس کی مرمت کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، سری نگر-لیہہ، مغل روڈ، سنتھن-کشتواڑ، ڈوڈہ-چمبہ، بانڈی پورہ-گریز اور کپواڑہ-ٹنگڈھار سڑکیں اب بھی برف سے کی وجہ سے بند ہیں۔