عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// جموں و کشمیر کے چیف سکریٹری اتل ڈولو نے پیر کو جموں و کشمیر میں گلیشیل لیک آوٹ برسٹ فلڈ (جی ایل او ایف) جیسی آفات کو روکنے کیلئے برفانی جھیلوں کے مکمل مطالعہ کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے محکمہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کو ہدایت دی کہ ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دی جائے جس میں ماہرین گلیشیالوجسٹ بھی شامل ہوں جو ان جھیلوں کی مہمات کریں اور زمینی حقائق کی بنیاد پر عملی سفارشات فراہم کریں۔
محکمہ اطلاعات کی جانب سے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم جھیلوں کا جائزہ لے گی اور ارلی وارننگ سسٹمز، آٹو ویدر سٹیشنز کو انسٹال کرے گی اور GLOF کے خلاف ایک جامع تخفیف کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 30 کروڑ روپے کا ایک تفصیلی منصوبہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو فنڈنگ کے لیے پیش کیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری نے اس طرح کی آفات سے بچنے اور خطے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اور بروقت کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔
اجلاس میں یونیورسٹیوں، تحقیقی اداروں اور سرکاری محکموں کے ماہرین سمیت مختلف سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔