عظمیٰ ویب ڈیسک
پونچھ// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، جموں و کشمیر کے بالائی علاقوں میں برف و باراں کا سلسلہ شروع ہوا۔ اسی دوران پیر کی گلی میں تازہ برفباری کے بعد مغل روڈ پر ٹریفک آمد ورفت متاثر ہو گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ وادی کشمیر کے شوپیاں ضلع کو پونچھ اور راجوری اضلاع سے ملانے والی تاریخی مغل روڈ تازہ برف باری کی وجہ سے بند ہوگئی ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ شاہراہ پر پیر کی گلی میں تازہ برف باری کی وجہ سے اسے بند کر دیا گیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ موسمی صورتحال میں بہتری اور برف ہٹائے جانے کے بعد اسے ٹریفک آمد ورفت کیلئے کھول دیا جائے گا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ جموں سرینگر قومی شاہراہ پر آمدورفت جاری ہے تاہم مغل روڈ کو برفباری کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے وہیں سرینگر لہہ شاہراہ کو برفباری کے پیش نظر احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آج دن بھر ہلکی بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔
ٹریفک حکام نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شاہراہوں پر سفر شروع کرنے سے قبل ٹریفک حکام سے رابطہ کریں۔