بارہمولہ// منشیات کی بدعت کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایک انتہائی مطلوب منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے بیان تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں انجام دیتے ہوئے پولیس نے بارہمولہ میں ایک منشیات فروش کے خلاف پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے اس کو سینٹرل جیل کوٹ بلوال جموں میں بند رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ منشیات فروش کے خلاف یہ کارروائیاں مجاز اتھارٹی سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے بعد انجام دی گئیں۔
انہوں نے منشیات فروش کی شناخت شعیب اعجاز گورو عرف شعیب ولد اعجاز احمد گورو ساکن ملت کالونی کانسی پورہ بارہمولہ کے بطور کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروش کے خلاف کئی مقدمے درج ہیں اور وہ ضلع میں منشیات کی بدعت پھیلانے اور نوجوانوں کو منشیات سپلائی کرنے میں ملوث تھا۔
انہوں نے کہا کہ کئی مقدموں میں ملوث ہونے کے باوجود اس نے اپنے اطوار درست نہیں کئے۔
قابل ذکر ہے کہ منشیات کی وبا کے خلاف جنگ کو جاری رکھتے ہوئے بارہمولہ پولیس نے سال رواں کے پہلے 10 مہینوں کے دوران 242 مقدمے درج کرکے 425 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے جبکہ منشیات کے کاروبار سے حاصل کی گئی کروڑوں روپیے مالیت کی جائیدادوں کو ضبط بھی کیا ہے۔
انتہائی مطلوب منشیات فروش کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
