یو این آئی
نئی دہلی// ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے منگل کو کہا کہ اس سال ملک میں مانسون سیزن (جون تاستمبر 2023) کے دوران ہونے والی مجموعی بارش تقریباً 96 فیصد رہنے کا اندازہ ہے ، جسے نارمل مانسون سمجھا جاتا ہے۔
آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ تخمینہ کے ماڈل میں غلطی کے مارجن کے ساتھ اس سال مذکورہ اندازے سے پانچ فیصد کم یا زیادہ بارش ہو سکتی ہے۔ 1971 سے 2021 کی مدت کے لیے آئی ایم ڈی کے طویل دورانیے کی اوسط ( ایل پی اے ) کے مطابق ملک میں عام طور پر برسات کے موسم میں 87 سینٹی میٹر بارش ہوتی ہے۔
ہر جگہ بارش کی عدم یکسانیت کی وجہ سے بہت سے علاقوں میں معمول سے زیادہ یا کم بارش ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جزیرہ نما ہندوستان ( کے جنوبی صوبے) اور ملحقہ مشرقی وسطی ہندوستان، شمال مشرقی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ بارش کی توقع ہے جب کہ شمال مغربی ہندوستان کے کچھ حصوں میں معمول کے مطابق یا معمول سے کم بارش ہو گی۔ شمال مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں بشمول مغربی وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں اور مغربی وسطی ہندوستان کے کچھ حصوں میں معمول کے مطابق بارش ہونے کی توقع ہے۔