شوپیاں میں لاپتہ سبکدوش استاد کی لاش برآمد

شوپیاں// شوپیاں ضلع کے فیری پورہ علاقے میں ایک سبکدوش ٹیچر جو گزشتہ روز سے اپنے گھر سے لاپتہ تھا، جمعہ کو مشکوک حالت میں مردہ پایا گیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ شوپیاں کے پڈسو گاوں کا رہائشی عبدالغنی راتھر (عمر66) جمعرات سے لاپتہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کچھ مقامی لوگوں نے فیری پورہ کے نالہ ویشاو میں ایک لاش دیکھی جس کے بعد پولیس کی ایک پارٹی موقع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ متوفی ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تھا، کل سے لاپتہ تھا ، آج لاش برآمد ہوئی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ لاش کو قانونی و طبی لوازمات پورے کرنے کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔
دریں اثناءپولیس نے اس سلسلے میں مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔