شوپیاں میں تلاشی آپریشن کے دوران فورسز پر گرینیڈ حملہ، کوئی نقصان نہیں

File Photo

سری نگر//جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے کٹی پورہ گاوں میں تلاشی آپریشن کے دوران مشتبہ ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ داغا جس دوران سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم ملی ٹینٹ رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے گاوں میں ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے اسلحہ وگولہ بارود ضبط کیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے شوپیاں کے کٹی پورہ گاوں کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا۔

انہوں نے بتایا کہ جوں ہی سلامتی عملے کے اہلکار مشتبہ مکان کے نزدیک پہنچے تو اس دوران وہاں پر موجود جنگجووں نے فورسز پر گرینیڈ حملہ کیا ۔

اُن کے مطابق سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا تاہم ملی ٹینٹ رات کی تاریکی کا فائدہ اُٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ رہائشی مکان کے اندر ایک کمین گاہ کو تباہ کیا گیا او روہاں سے اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا ۔

واضح رہے کہ شوپیاں کے بٹہ پورہ گاوں میں منگل کی شام کو سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ داغا گیا تاہم اس دوران کسی کے زخمی ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔