محبوبہ مفتی،7 دیگر سابق ممبران قانون ساز اسمبلی کو سرکاری کوارٹر خالی کرنے کی ہدایت

سری نگر//حکام نے سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی اور 7 دیگر سابق اراکین اسمبلی سے کہا ہے کہ وہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ہاؤسنگ کالونی کھنہ بل علاقے میں واقع سرکاری کوارٹر خالی کر دیں۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ محبوبہ مفتی اور 7 دیگر سابق قانون سازوں کو ہفتہ کو ڈپٹی کمشنر اننت ناگ کی ہدایت پر ایگزیکٹو مجسٹریٹ (فرسٹ کلاس) اننت ناگ نے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری کوارٹر نمبر 1، 4، 6 اور 7 کے مکینوں کو، جن کا تعلق بالترتیب سابق ایم ایل اے محمد الطاف وانی، سابق ایم ایل اے عبدالرحیم راتھر، سابق ایم ایل اے عبدالمجید بھٹ اور سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی سے ہے، کو 24 گھنٹوں کے اندر خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
جن دیگر لوگوں کو سرکاری کوارٹر خالی کرنے کو کہا گیا ہے ان میں سابق ایم ایل اے الطاف شاہ عرف کالو، سابق ایم ایل سی بشیر شاہ عرف ویری، سابق ایم ایل سی چودھری نظام الدین، سابق ایم ایل اے عبدالکبیر پٹھان اور ایم سی کونسلر شیخ محی الدین شامل ہیں۔
سرکاری کوارٹر ہاؤسنگ کالونی کھنہ بل میں واقع ہیں اور مکینوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ مقررہ مدت میں جگہ خالی نہ کرائیں تو قانون کے تحت کارروائی کی جائے گی۔