عظمیٰ ویب ڈیسک
پلوامہ// جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جمعہ کی شام دو بچوں کا والد ہائی ٹینشن (ایچ ٹی) بجلی لائن سے کرنٹ لگنے سے فوت ہوگیا۔
ذرائع نے بتایا کہ 38 سالہ ابوالحمید ریشی جمعہ کو پلوامہ کے رتنی پورہ میں واقع اپنے باغ میں اس وقت انتقال کر گیا جب وہ زمینی سطح سے نزدیک لٹکتی ہائی ٹینشن (ایچ ٹی) بجلی لائن کی زد میں آ گیا۔ مرحوم دو بچوں کا والد تھا اور ڈرائیور کا کام کرتا تھا۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ وہ میرباغ میں اپنے باغ میں کام کر رہا تھا جب اس نے ٹیوب ویل کے نزدیک بجلی لائن کو چھو لیا۔ اسے کاکپورہ ہیلتھ سنٹر لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قرار دیا گیا۔
مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ پاور ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (جسے اب کے پی ڈی سی ایل کہا جاتا ہے) کی لاپرواہی کی وجہ سے پیش آیا کیونکہ انہوں نے میرباغ کو بجلی کی سپلائی کے لیے زمینی سطح کے نزدیک لٹکی ہوئی ایچ ٹی لائن رکھی تھی۔
مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ پی ڈی ڈی حکام سے بار بار درخواستوں کے باوجود ایچ ٹی لائن کی مناسب اونچائی برقرار رکھنے کے لیے انہوں نے زحمت نہیں کی۔
مقامی لوگوں نے کہا، “اگر PDD نے بجلی لائن کی اونچائی کو بڑھائی ہوتی تو اس واقعے کو ٹالا جا سکتا تھا”۔