مشتاق الاسلام
پلوامہ// جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جمعرات کی صبح ہوئی جھڑپ میں ایک مقامی لشکر جنگجو مارا گیا ہے جس کے بعد سیکورٹی فورسز کا مشترکہ آپریشن ختم کر دیا گیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ ضلع کے فریسی پورہ علاقے میں جمعرات کو ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مسلح تصادم آرائی سرینگر سے تعلق رکھنے والے ایک ملی ٹینٹ کی ہلاکت کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ فوج پولیس اور سی آر پی ایف نے فریسی پورہ پلوامہ کو صبح کے وقت کچھ ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد محاصرے میں لیا تھا۔ترجمان نے بتایا کہ جب فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم نے مشتبہ جگہ کی تلاشی مہم تیز کی تو وہاں چھپے ہوئے ملی ٹینٹ نے پارٹی پر فائرنگ شروع کردی اور علاقے سے باہر گنجان سیب باغات میں پناہ لی۔
پولیس ترجمان نے مزید کہا کہ تصادم کے دوران ایک مقامی لشکر طیبہ ملی ٹینٹ مارا گیا جس کی شناخت دانش احمد کے بطور ظاہر ہوئی۔ دانش کا تعلق سرینگر کے الہٰی باغ صورہ علاقے سے ہے اور وہ گزشتہ 27 مارچ سے لاپتہ تھا۔
پلوامہ پولیس نے تمام سرکاری رسومات کی ادائیگی کے بعد لاش کو پولیس کنٹرول روم سرینگر منتقل کردیا ہے جبکہ جھڑپ کے حوالے سے پولیس نے کیس درج کرلیا ہے۔
جھڑپ کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کا مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کیا اور ملی ٹینٹ کی لاش سمیت اسلحہ و گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان برآمد کر لیا۔