عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ// شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے کنزر علاقے میں پیر کے روز محکمہ بجلی میں کام کرنے والا 52 سالہ ایک لائن مین بجلی کا کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا۔
متوفی کے اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ اُن کی موت متعلقہ محکمے کی مبینہ لاپرواہی کی وجہ سے ہوئی۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ بشیر احمد خان ولد غلام احمد سکنہ گنائی محلہ برون پٹن جو کہ محکمہ بجلی میں لائن مین کے طور پر کام کرتا تھا، بٹہ پورہ کنزر میں ایک کیبل کی لائن کی مرمت کر رہا تھا، جس دوران اُسے بجلی کا کرنٹ لگا اور وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ زخمی کو فوری طور پر کمیونٹی ہیلتھ سنٹر کنزر لے جایا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
متوفی کے اہل خانہ نے موت کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بجلی لائن کی مرمت کے دوران طریقہ کار پر عمل نہیں کیا گیا، جس کی وجہ سے اُن کی موت واقع ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ متوفی کو حفاظتی آلات بھی فراہم نہیں کیے گئے تھے۔ اُنہوں نے معاملے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر، پولیس نے واقع کا نوٹس لے لیا ہے۔